جامعہ نصرة الاسلام کے شعبہ جات

جامعہ میں مختلف شعبہ جات ہیں جن میں سے انتظامی اور تعلیمی حوالے سے چند اہم شعبوں کا تذکرہ ذیل میں بیان کیا جاتا ہے۔

شعبہ اہتمام:

یہ شعبہ مجلس شوری ٰ کے زیر انتظام مہتمم و نائب مہتمم جامعہ کے زیر نگرانی فرائض انجام دیتا ہے۔جامعہ کے اندرونی وبیرونی سرگرمیاں / روابط اور جامعہ کے تمام شعبوں کا نظم و نسق ، ان کی نگرانی اور حسابات کی جانچ پڑتال اسی شعبہ سے متعلق ہے۔ مجلس شوری اور مجلس عاملہ کی تجاویز اور فیصلے ادارہٴ اہتمام ہی کے ذریعہ نافذ کیے جاتے ہیں۔

شعبہء محاسبہ/اکاؤنٹس:

اس شعبے میں ہر قسم کے آمد و صرف کی شعبہ وار اور مد وار تفصیلات لکھی جاتی ہیں ۔ محاسب (اکاؤنٹنٹ) اور ان کے کئی معاون ہیں جو آمدن اور خرچ کا باقاعدہ اندراج کرتے ہیں، زکوٰۃ، صدقات اور عطیات کی وصولی پر رسید جاری کرتے ہیں۔ جامعہ کے تمام حسابات سرکاری طور پر سالانہ آڈٹ کرائے جاتے ہیں۔ ادنی سے ادنی رقم اور معمولی سے معمولی چیز بغیر رسید کے داخل نہیں کی جاتی۔ اساتذہ و ملازمین کی تنخواہ ہیں اور طلبہ کے وظائف کی تقسیم کا کام بھی اسی شعبہ سے متعلق ہے۔ دوسرے شعبوں کے ذریعہ سے جو مصارف ہوتے ہیں ان کی جانچ پڑتال بھی م شعبہء اکاؤنٹس کے فرائض میں داخل ہے۔

شعبہء تعلیمات:

ایک تعلیمی ادارے کی حیثیت سے جامعہ کا بنیادی نقطہٴ نظر اور اس کا اساسی مقصد تعلیم و تدریس ہے۔ اس لیے یہ شعبہ، اہتمام کے بعد کلیدی اہمیت کا حامل ہے۔ تمام تعلیمی شعبے اسی کی نگرانی میں کام کرتے ہیں۔شعبہٴ تعلیمات کے فرائض میں تعلیمی شعبہ جات کی نگرانی کے علاوہ تقسیم اسباق، امتحانات کا نظم، طلبہ کی ترقی و تنزلی اور داخلوں سے متعلق تمام کارروائی، حاضری کا اندراج، طلبہ کے تعلیمی ریکارڈ کی حفاظت، اسناد کا اجراء اور مجلس تعلیمی کی تجاویز کا نفاذ وغیرہ امور شامل ہیں۔اس شعبے کے زیر نگرانی مختلف شعبے کام کر رہے ہیں جن کی تفصیل درج ذیل ہے:۔

شعبہء ناظرہ قرآن کریم:

جامعہ کے اس شعبہ میں آنے والے بچوں کو پہلے “قاعدہ” اور پھر ناظرہ قرآن کریم اول تا آخر تجوید اور صحیح قراء ت کے ساتھ پڑھایاجاتاہے ،اس کے ساتھ ساتھ ان بچوں کواساتذہ کرام اسلام کے بنیادی عقائد اور ضروری احکام خصوصاً وضو، طہارت اور نماز سے متعلق مسائل سکھاتے ہیں۔ اس شعبہ میں اسکولوں میں پڑھنے والے طلباء کے لیے یہ سہولت بھی موجود ہے کہ ان میں سے صبح اسکول جانے والے دوپہر کو اور دوپہر میں اسکول جانے والے صبح کے اوقات میں پڑھیں۔

شعبہءتحفیظ القرآن الکریم:

اس شعبے میں ناظرہ کے بعد بچوں کوقرآن کریم حفظ کرایا جاتاہے ،جامعہ کے قیام سے اب تک جامعہ اور اس کی شاخوں سے ہزاروں کی تعداد میں بچے اور بچیاں قرآن کریم حفظ کرنے کی سعادت حاصل کرچکے ہیں اور اس وقت بھی اس شعبہ میں سینکڑوں طلبہ وطالبات زیر تعلیم ہیں ۔شعبہ حفظ میں روزانہ پونا گھنٹہ اُردو،انگلش، تحریراورریاضی کے لئے اساتذہ مقررہیں۔

شعبہء تجوید:

جامعہ میں” فن تجوید “پر بھی پوری توجہ دی جاتی ہے تاکہ ہرطالب علم قرآن کریم کو صحیح تلفظ کے ساتھ پڑھ سکے، اس لئے درجات حفظ کے علاوہ “درس نظامی “کے ابتدائی اور ثانوی درجوں میں بھی تجوید لازمی مضمون کی حیثیت سے پڑھائی جاتی ہے جسے فن تجوید کے ماہر اساتذہ پڑھاتے ہیں ۔اس شعبے کو عالمی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے کوششیں جاری ہیں۔اللہ تعالیٰ اسباب مہیا فرمائے۔ آمین

نصرۃ الاسلام ایجوکیشن سسٹم (میٹرک):

اس شعبہ کے تحت حفاظ طلبہ کو خصوصاً اور دیگر طلبہ کو میٹرک تک ریگولر عصری تعلیم دی جاتی ہے۔ ادارہ کا اسکول مڈل تک محکمہ تعلیم سے رجسٹرڈہیں ،جبکہ ہائی اسکول رجسٹریشن کے مراحل میں ہے۔ میٹرک کے ساتھ ساتھ طلبہ کو درجہ اولیٰ کے مضامین مختلف مراحل میں مکمل کرائے جاتے ہیں، اس طرح طلبہ میٹرک کے ساتھ درجہ اولیٰ کی تعلیم بھی مکمل کرلیتے ہیں۔درجہ اولیٰ کے دوالگ الگ سیکشن ہیں۔ایک اولیٰ نہم ،اولیٰ دہم دوسرااولیٰ مجرد،دوسال میں اولیٰ کے کتب کے ساتھ میٹرک کرائی جاتی ہے۔

شعبہء درس نظامی:

یہ برصغیر کے معروف دینی تعلیمی سلسلے درسِ نظامی کی ایک کڑی ہے ،تقریباً تمام دینی مدارس کا کم از کم مڈل یامتوسطہ کے بعد وہ بنیادی مشترکہ ومتفقہ آٹھ سالہ نصاب ہے جس کو “وفاق المدارس العربیہ “کی اصطلاح کے اعتبار سے چار تعلیمی مراحل میں تقسیم کیا گیاہے۔عامہ ،خاصہ ،عالیہ اورعالمیہ “جبکہ ہر مرحلہ دو سالوں پر مشتمل ہے۔ ان مراحل میں جو علوم پڑھائے جاتے ہیں وہ ترجمہ وتفسیر قرآن کریم ، اصول تفسیر، حدیث نبوی، اصول حدیث، فقہ، اصول فقہ، علم میراث، علم کلام، سیرت نبوی، تاریخ اسلام اوردیگر علوم عربیہ جیسے صرف، نحو، لغت، بلاغت، ادب، عروض وقوافی، منطق، فلسفہ اورفلکیات وغیرہ پرمشتمل ہیں۔جامعہ میں وفاق المدارس العربیہ کامجوزہ نصاب پڑھایاجاتاہے ،جامعہ کی مجلس تعلیمی نے بعض درجات میں وفاق کے نصاب کے علاوہ کئی دیگر مفید کتابیں بھی شامل کی ہیں۔مڈل یا میٹرک اور درس نظامی پڑھنے کے بعد وفاق المدارس العربیہ پاکستان کی طرف سے “عالمیہ ” (مساوی ایم اے ) کی سند دی جاتی ہے۔

شعبہء دراسات دینیہ:

دین کا بنیادی علم حاصل کرنا ہر مسلمان کے ذمہ فرض ہے، جس کے لیے وفاق المدارس العربیہ پاکستان نے زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اَحباب کے لیے مختصر کورس(دورانیہ دو 2 سال) ترتیب دیا ہے، جس میں وہ اسلام کی بنیادی تعلیمات اور اَحکامات کے حوالہ سے رہنمائی حاصل کرسکیں گے۔مضامین میں اسلامی عقائد، ترجمہ قرآن کریم، حدیث، فقہ، عربی زبان شامل ہیں

شعبہء تعلیم بالغاں:

جامعہ میں بڑی عمر کے افرادخصوصا قرب وجوارمیں رہنے والوں اور دکانوں میں کام کرنے والوں کے لیے قرآن کریم کو تجوید کے ساتھ پڑھانے اور بنیادی دینی معلومات واحکام سکھانے کا اہتمام ہے ، اس کے لیے ایک نظام ترتیب دیا گیا ہے ۔

شعبہء خوشنویسی:

درسی اورغیر درسی اوقات خصوصا عصر تا مغرب جامعہ میں طلباء کے لیے خوشخطی سکھانے کا بھی انتظام ہے ، جس کے لیے باقاعدہ دو خوش نویس استاد مقرر ہیں ۔

شعبہء دارالافتاءوالقضاء:

یہ جامعہ کا وہ شعبہ ہے جس پر مسلمانوں کو اپنے شرعی مسائل کے حل کے لیے مکمل اطمینان واعتماد ہے ،مفتیان کرام شرعی فتاوی صادر فرماکران کے انفرادی اور اجتماعی مسائل کاجواب تحریری صورت میں دیتے ہیں ،اسی طرح یومیہ کثیر تعداد میں لوگ خود حاضر ہوکر زبانی مسائل بھی پوچھتے ہیں اورفریقین کی رضامندی سے نزاعات میں شرعی تصفیہ بھی آجاتاہے۔اس کے علاوہ ملک وبیرون ملک سے ڈاک کے ذریعہ آنے والے سوالات کے جوابات بھی ارسال کیے جاتے ہیں،نیز مسلمان ذاتی ، خانگی اور اجتماعی معاملات میں بذریعہ فون بھی مسائل دریافت کرتے ہیں ۔جو غیرمسلم برضا ورغبت اسلام قبول کرنا چاہتے ہیں انہیں دار الافتاء میں کلمہ کی تلقین کی جاتی ہے اور”سنداسلام” بھی جاری کی جاتی ہے،۔

کتب خانہ (لائبریری)

جامعہ کے احاطہ میں ایک عظیم کتب خانہ ہے،جس میں درسی کتابوں کے علاوہ علوم اسلامیہ اور دیگر علوم کی ہزاروں اہم کتابیں موجود ہیں ، طلبہ اور اساتذہ کرام اس سے علمی استفادہ کرتے ہیں۔

شعبہء دار التصنیف والتحقیق:

دار التصنیف “کے نام سے ایک مستقل شعبہ قائم کیا گیا ہے۔جس میں تقابل ادیان کیلئے طلبہ کی تیاری دیگراعتراضات کے جوابات کااہتمام کیاجاتاہے ۔ارادہ ہے کہ اس میں امت کی ضرورتوں کے اعتبار سے مختلف تصنیفات و تالیفات کی اشاعت کا باقاعدہ اہتمام کیا جائے۔ان شاء اللہ

مجلہ نصرۃ الاسلام:

جامعہ سے اردو زبان میں الحمدللہ، گلگت بلتسان سے پہلی مرتبہ ایک مکمل دینی ، تحقیقی اور ادبی و تبلیغی مجلہ کا آغاز اس کی سب سے بڑی دینی درسگاہ جامعہ نصرة الاسلام گلگت سے کیا جاچکا ہے۔ مجلہ نصرة الاسلام گلگت محض ایک مروجہ مجلہ / رسالہ نہیں بلکہ یہ ایک تحریک کا آغاز ہے،ایک مقدس مشن کی تکمیل کے لیے سنگ بنیاد ہے۔ گلگت بلتستان جیسے دور افتادہ علاقے سے ایک اذان حق ہے ۔یہ مجلہ حق اور سچ کو اپنا نصب العین بناتے ہوئے غیر جانبداری سے دینی ، اصلاحی،فکری و نظریاتی اور تحقیقی ادب کے فروغ کا ذریعہ ہے۔ اس رسالہ کے ذریعہ اسلامی ثقافت اور دینی مسائل کی اشاعت ہوتی ہے ،یہ رسالہ ہر قسم کے فتنہ اور باطل ملحدانہ نظریات کا ایک بہترین پلیٹ فارم ہے۔

شفاخانہ(ڈسپنسری):

جامعہ کی طرف سے طلبہ ،اساتذہ اور دیگر عملہ کے لیے علاج معالجہ کا معقول انتظام ہے ،جامعہ کے احاطہ میں انڈس ہسپتال کے تعاون سے ایک ٹیلی کلینک بھی موجود ہے ،جہاں Urgntٹسٹ ،معائنہ کے بعدکراچی آن لائن ڈاکٹرسے مشاورت کے بعدعوام اورطلبہ کوادویات فری دی جاتی ہے۔اس کے علاوہ بوقت ضرورت طلبہ کو جامعہ کی طرف سے مختلف امراض کے ماہر ڈاکٹر اور اطباء کے پاس بھی ہسپتال یا کلینک میں بھیجاجاتاہے جہاں ان کے امراض کی تشخیص ،علاج اور مناسب نگہداشت کا انتظام ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ بھی بہت سے شعبہ جات ہیں جن کا ویب سائیٹ میں الگ سے تعارف دیا جارہا ہے۔

شاخیں/مکاتب:

جامعہ کے زیر انتظام بہت سے مکاتب و مدارس دینی خدمات انجام دے رہے ہیں ۔

Check Also

جامعہ کے اہم روابط

جامعہ کے اہم روابط

حضرت مولانا قاضی نثار احمد حفظہ اللہ (مہتمم) جامعہ اسلامیہ نصرۃ الإسلام،عید گاہ روڈ،کنوداس،گلگت پاکستانفون …

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے